چیئرمین ایف بی آر نے فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ”ہیلپ ڈیسک“ کے قیام کی تجویز نظرانداز کردی ایف پی سی سی آئی نے ایف بی آر ہیلپ ڈیسک کے قیام میں تعاون کی پیشکش کی تھی،میاں ناصر حیات مگوں چیئرمین ایف بی آرجاوید غنی کو 3 خطوط ارسال کیے، کوئی جواب نہیں دیا گیا،صدر
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے تجارت وصنعت کی ملک کی سب سے بڑی ایپکس باڈی ایف پی سی سی آئی کو نظرانداز کرنے اور فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ”ایف بی آر ہیلپ ڈیسک“کے قیام کی تجویز پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)محمد جاوید غنی کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر ہیلپ ڈیسک کے قیام کا مطالبہ دہرایا ہے تاکہ تاجروصنعتکار برادری کی ٹیکسوں سے متعلق شکایات کو بروقت دور کیا جاسکے۔ناصر حیات مگوں نے ایک بیان میں کہاکہ ایف پی سی سی آئی نے تاجروصنعتکار برادری کی ٹیکسوں سے متعلق دشواریوں میں مسلسل اضافے اور بڑھتی شکایات کو بروقت حل کرنے کے لیے 14جنوری 2021کو چیئرمین ایف بی آرمحمد جاوید غنی کو ایک خط ارسال کیا تھا جس میں یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ ایف پی سی سی آئی تجارت وصنعت کے شعبوں کی نمائندگی کرنے والا ملک کا سب سے بڑا دارہ ہے اور ٹیکسوں ودیگر امور سے متعلق شکایات اور مسائل کو حل کرنے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتا ہے لہٰذا اسی امر کو مدنظر رکھتے ہوئے فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ”ایف بی آر ہیلپ ڈیسک“ قائم کی جائے تاکہ تاجربرادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ایف پی سی سی آئی اورایف بی آر کے مابین روابط کو مزید مستحکم بنایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین ایف بی آرکی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے خط جواب نہ دیے جانے پر 21جنوری2021اور پھر 3فروری2021کو یاددہانی خطوط ارسال کیے گئے مگر افسوس چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی نے کسی ایک خط کا بھی جواب دینا مناسب نہیں سمجھا جس سے تاجربرادری میں شدید تحفظات پائے جارہے ہیں اور یہ سوال اٹھایا جارہاہے کہ ایک طرف تاجروصنعتکاروں سے ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے لیے تعاون طلب کیا جاتا ہے مگردوسری طرف ایف بی آر تاجروں کو سہولتیں دینے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بروقت اقدامات سے گریز رہی ہے جو سمجھ سے بالا تر ہے۔میاں ناصر حیات مگوں نے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی خزانے میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے تاجروصنعتکاروں کوسہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے فوری طور پر فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ”ایف بی آر ہیلپ ڈیسک“ قائم کی جائے جس سے یقینی طور پر ٹیکس سے متعلق شکایات کے ازالے میں خاطرخواہ مدد ملے گی اور ٹیکس ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔
سید مسعود عالم رضوی
سیکر یٹر ی جنرل ایف پی سی سی آئی




